طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کینسر کی بیماری کسی ایک وجہ سے نہیں بلکہ مختلف خطرناک عوامل کے باعث جنم لیتی ہے. اور اس سے بچاؤ کے لیے درج ذیل غذا کا استعمال ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق انسانی جسم کے خلیات میں ڈی این اے کی خرابی یا غیر معمولی تبدیلیاں خلیات کی بے قابو بڑھوتری کا سبب بنتی ہیں۔ جو بعد ازاں کینسر کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق تمباکو نوشی، غیر صحت بخش غذا، موٹاپا، ورزش کی کمی، فضائی آلودگی، موروثی عوامل اور بعض خطرناک وائرسز کینسر کے اہم اسباب میں شامل ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں میں زیادہ دیر رہنا، شراب نوشی اور کمزور قوت مدافعت بھی مختلف اقسام کے کینسر کے خطرات میں اضافہ کرسکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، تمباکو نوشی سے پرہیز اور بروقت طبی معائنہ اختیار کر کے کینسر جیسے مہلک مرض کے خطرات کو بڑی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ کی غذائیں
ماہرین صحت کے مطابق کینسر سے بچاؤ اور اس مرض کے دوران جسم کو مضبوط رکھنے کے لیے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ پھل، سبزیاں اور فائبر سے بھرپور غذائیں جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ جبکہ بعض غذائیں کینسر کے خطرات کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔
ماہرین نے بروکلی، پالک، گاجر، ٹماٹر، لہسن اور ہلدی کو مفید غذاؤں میں شامل کیا ہے۔ کیونکہ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس اور قدرتی حفاظتی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مالٹے، کینو، بیریز اور انار جیسے پھل بھی جسم کو طاقت فراہم کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق مچھلی، خشک میوہ جات، دالیں اور زیتون کا تیل بھی صحت کے لیے فائدہ مند سمجھے جاتے ہیں۔ جبکہ پراسیسڈ فوڈ، زیادہ چکنائی والی اشیا، سافٹ ڈرنکس اور تمباکو نوشی سے پرہیز ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دل کی صحت کیلئے بہترین سبزیاں کون سی ہیں؟ ماہر امراضِ قلب کی تجاویز سامنے آگئیں
ماہرین نے زور دیا ہے کہ کینسر کے مریض اپنی خوراک کے حوالے سے ماہر ڈاکٹر یا ڈائٹیشن سے مشورہ ضرور کریں تاکہ بیماری کی نوعیت کے مطابق مناسب غذا کا انتخاب کیا جاسکے۔
