اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 10 مئی کی شام سے 12 مئی تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 10 مئی کو شمالی علاقوں میں داخل ہو گا۔ جس کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور چکوال سمیت کئی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ جبکہ لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں 11 سے 13 مئی کے دوران بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اہم معاہدہ ہو گیا
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ جبکہ سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
