ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب سے گندمی کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندی ، خیبر پختونخوا میں آٹا مزید مہنگا ہو گیا
ادارہ شماریات کے مطابق چکن کی قیمت میں 12.82 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل 5.10 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح آٹا 3.42 فیصد اور پٹرول 1.66 فیصد مہنگا ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ دودھ کی قیمت میں 1.33 فیصد جبکہ بیف 0.65 فیصد مہنگا ہوا، مٹن 0.50 فیصد اور آلو 0.48 فیصد اضافے کے ساتھ فروخت ہوئے، دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 7.08 فیصد کمی ہوئی جبکہ لہسن 1.19 فیصد سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق انڈے 1.22 فیصد، ایل پی جی 1.08 فیصد اور پیاز 0.38 فیصد سستے ہوئے، دال چنا، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 15 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
