پاکستانی فلم “میرا لیاری” کو لندن میں منعقد 28ویں یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، جہاں اس کا عالمی پریمیئر پیش کیا جائے گا۔
یہ فلم لیاری کے حوالے سے روایتی اور منفی تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے اس علاقے کو ایک ثقافتی، سماجی اور اسپورٹس حب کے طور پر پیش کرتی ہے۔
ماضی میں جہاں لیاری کو زیادہ تر میڈیا میں جرائم اور بدامنی کے تناظر میں دکھایا جاتا رہا ہے، وہیں “میرا لیاری” اس کی ایک مختلف اور مثبت تصویر اجاگر کرتی ہے، جس میں کمیونٹی کی مضبوطی، مقامی مزاحمت اور فٹبال کے ساتھ علاقے کے گہرے تعلق کو نمایاں کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
فلم کا عالمی پریمیئر 2 مئی کو لندن میں برٹش فلم انسٹیٹیوٹ (BFI) میں منعقد ہوگا، جس کے بعد اسے پاکستان میں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ فلم پاکستانی سینما میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جسے بھارتی فلم “دھریندر” کے تناظر میں “پاکستان کا جواب” بھی کہا جا رہا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں عائشہ عمر، دانانیر مبین، سمیعہ ممتاز، نایئر اعجاز، پارس مسرور، عدنان شاہ ٹیپو اور شعیب حسن سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔
یہ فلم جنوری 2026 میں پاکستان میں سندھ حکومت کی معاونت سے ریلیز کی گئی تھی۔ ہدایتکار نے لیاری کی روزمرہ زندگی کو حقیقت سے قریب تر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ علاقے کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کے بجائے ایک متوازن اور حقیقت پر مبنی تصویر سامنے آ سکے۔
واضح رہے کہ اس فلم کا ابتدائی عنوان “بہناز” رکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس کا نام تبدیل کر کے “میرا لیاری” رکھ دیا گیا۔
