اسلام آباد: 25 جولائی 2018 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں وفاقی پولیس کے دس ہزارملازمین کے ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس کے کسی اہل کار نے پوسٹل بیلٹ پیپرکے لیےدرخواست جمع نہیں کرائی ہے۔
عام انتخابات کے باعث وفاقی پولیس کے افسران و جوانوں کی چھٹیاں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ چھٹیوں کی منسوخی کے سبب وفاقی پولیس کے ملازمین کے لیے حق رائے دہی پولینگ اسٹیشنوں پہ جاکر استعمال کرنا ممکن نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق سرکاری ملازمین اورایمرجنسی ڈیوٹی دینے والے اہلکار پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ تاحال وفاقی پولیس کے کسی بھی اہلکار نے پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی ہے جس کی وجہ سے اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ تقریباً دس ہزار ووٹ ضائع ہو جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پوسٹل بیلٹ پیپر کی سہولت ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں، فوجیوں اور اپنے حلقے سے دور افراد کے لیے دی جاتی ہے۔