لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو اشتعال پھیلانے سے روکا جائے یہ جنگ نہیں الیکشن ہے۔
سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افسوس ناک حد تک پی ٹی آئی کے حامیوں کی طرف سے اشتعال انگیزی جاری ہے، پی ٹی آئی قیادت سے درخواست کرتا ہوں کے ہوش کے ناخن لیں، الیکشن گزر جائیں گے لوگوں نے الیکشن کے بعد بھی ایک ہی محلے اور گلی میں رہنا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے اخراجات کا نوٹس لینے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی اخراجات کتنے ہیں؟ الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے، ایک ہی رات میں 30،30 ہزار بینر لگائے جا رہے ہیں۔
این اے 125 سے ن لیگی امیدوار وحید عالم خان نے شکایت کی ہے جرائم پیشہ عناصر لیگی ورکرز پر ووٹ نہ ڈالنے کے لئے دباو ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حامد نامی شخص علاقے میں جواخانہ چلاتا ہے، وہ اور اس کے ساتھی لوگوں کو گھروں میں جا کر ڈرا دھمکا رہے ہیں۔
وحید عالم خان نے شکوہ کیا کہ ہمارے لوگوں کو دفتر نہیں کھولنے دیے جا رہے اور فلیکسز بھی اتارے جا رہے ہیں۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حالات خراب کرنے والوں کے خلاف درخواست دے دی ہے، امید ہےمتعلقہ ادارے الیکشن کوشفاف بنانے کے لے فوری کارروائی کریں گے۔