‘‘نوازشریف کو استحقاق کےمطابق سہولیات مل رہی ہیں’’

‘‘نوازشریف کو استحقاق کےمطابق سہولیات مل رہی ہیں’’ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: نگراں صوبائی وزیراطلاعات احمد وقاص نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ان کے استحقاق کے مطابق جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم کو بہترین غذا اور طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہے۔

لاہور میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آف جیل خانہ جات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ  نواز شریف کو 13 اور 14 جولائی کی درمیانی شب اڈیالہ جیل منتقل کیا تھا ان کی درخواست اور قومی اسمبلی کے سابقہ رکن ہونے کے نابے بہتر کلاس فراہم کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو 21 انچ ٹی وی، اخبارات، بہتر خوراک، الگ کمرہ ، ٹائل والا باتھ روم اور چہل قدمی کے لیے مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے۔ جمعرات کو ان کے اہلخانہ و دوست احباب ان سے ملاقات کر سکتے ہیں اور قانونی ماہرین بھی ہفتے میں ایک بار ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اور جیل انتظامیہ کی جانب سے نواز شریف کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں اس حوالے سے پراپیگنڈہ محض افواہوں پر مبنی ہے۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد خان کا کہنا تھا جیل میں قیدیوں کے لیے بہتر اور عام دو کلاسز ہیں،  نواز شریف اور مریم نواز کو بہتر کلاس کی سہولتیں دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام خواتین کو مردوں کی نسبت بہتر سہولیات فراہم کی گئی ہیں پنجاب کی ہر جیل میں خواتین کو زمین کے بجائے چارپائی فراہم کی جاتی ہے اور خاتون جیل میں اپنے خاوند سے ایک ہفتے میں ایک بار ملاقات کر سکتی ہے۔

ایون فیلڈ کیس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس میں رکھا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں