جنوبی سوڈان کی ریاست یونٹی میں ایک امدادی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے تینوں ارکان جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ بین الاقوامی فلاحی تنظیم سمیریٹنز پرس کے لیے امداد لے کر جا رہا تھا۔ تنظیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر بیکرم رائے نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حادثہ جان لیوا ثابت ہوا۔
بیکرم رائے کے مطابق طیارہ جوبا سے روانہ ہوا تھا اور اس میں دو ٹن امدادی سامان موجود تھا، جو سیلاب زدہ علاقوں میں بے گھر ہونے والے افراد تک پہنچایا جانا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم حادثہ کے مقام تک پہنچ چکی ہے اور افسوس کے ساتھ تصدیق کرنی پڑ رہی ہے کہ عملے کے تینوں ارکان جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ گرنے پر بالی ووڈ ستاروں کی مودی پر شدید تنقید
یہ طیارہ صبح تقریباً آٹھ بجے لیئر ایئرسٹرپ سے 20 کلو میٹر دور یونٹی اسٹیٹ کے تیل سے مالامال علاقے لیئر کاؤنٹی میں گر کر تباہ ہوا، جو سوڈان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
طیارے کو چلانے والی کمپنی ناری ایئر سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کی جانب سے کوئی فوری جواب موصول نہیں ہوا۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ماڈل یا ساخت کے حوالے سے بھی تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

