نواز شریف اور مریم کے خلاف تاریخی سازش ہوئی ہے، اعتزاز احسن

اعتزاز احسن

اسلام آباد: نامور قانون دان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کل نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف سازش ہوئی ہے، نون لیگی قیادت نے نواز شریف کو بلا کر منظر سے ہٹا دیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سیاسی تاریخ میں نواز شریف اور مریم کے ساتھ سب سے بڑا دھوکہ دیکھا ہے، دونوں کو پاکستان بلا کر ان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے، نواز شریف کے ساتھ سراج الدولہ والا سلوک کیا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ نون لیگ کے اہم رہنماؤں کو ایئرپورٹ داخلے سے کسی نے نہیں روکنا تھا، پنجاب پولیس کی ہلکی سی رکاوٹیں تھیں، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو آخری ناکے تک پہنچنا چاہیے تھا، ایسے مواقع پر پیپلزپارٹی کی قیادت آگے ہوا کرتی تھی۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کم از کم دس لوگ تو ایئرپورٹ پر نواز شریف سے ہاتھ ملا لیتے، ایاز صادق اور وزیراعظم آزاد کشمیر کہاں رہ گئے تھے، خواجہ سعد رفیق نے لوہے کے جو چنے چبوانے تھے وہ کہاں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف کو اسلام آباد روانہ کیا اس وقت نون لیگی ایئرپورٹ سے پانچ کلومیٹر دور تھے، مشاہد اللہ خان کو ایئرپورٹ تک پہنچنے پر داد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جیل سے سیاسی معاملات میں نواز شریف کا کردار کم ہو گا، مریم نواز کی ضمانت ہو بھی گئی تو وہ اپنے والد کے بغیر کچھ نہیں کر سکتیں۔


متعلقہ خبریں