کراچی، ٹریفک پولیس نے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر بھر میں بغیر ٹریکر ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے داخلے اور آمدرفت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق اب کراچی کی سڑکوں پر صرف وہی بھاری گاڑیاں چل سکیں گی جن میں جدید ٹریکر نصب ہوگا اوراس ٹریکرکا کنٹرول براہ راست کراچی ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ شہرمیں بڑھتے ٹریفک حادثات اور بھاری گاڑیوں کی لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث کیا گیا ہے۔
اسلام آباد،دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند
ماضی میں متعدد واقعات میں ڈمپرزاورواٹر ٹینکرزکی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے مربوط نظام کے تحت نگرانی کو لازم قراردیا ہے۔
ٹریکرسسٹم کی بدولت نہ صرف گاڑیوں کی رفتار اور روٹ کی مسلسل مانیٹرنگ ممکن ہوگی بلکہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی بھی کی جا سکے گی۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس نے مالکان اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں اپنی گاڑیوں پر ٹریکرز کی تنصیب یقینی بنائیں، بصورتِ دیگران کا شہر میں داخلہ روک دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کے مجموعی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے ضروری تھا۔

