پشاور: خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے سانحہ یکہ توت کے بعد چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کی خدمات وفاق کو واپس کرنے کی سفارش کردی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے متبادل کے طور پر احمد حنیف اور ڈاکٹر نعیم خان کے نام تجویز کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کیے گئے مراسلہ میں لکھا گیا ہے کہ یکہ توت سانحہ کی اطلاع پر نگراں وزیراعلیٰ چیف سیکرٹری سے رابطہ کرنے میں ناکام رہے، دھماکے کے بعد ہنگامی اجلاس میں دونوں افسران نے عدم دلچسپی دکھائی اور حوالے کی گئی ذمہ داریاں نبھانے میں بھی ناکام رہے۔
کے پی حکومت نے اپنے مراسلہ میں لکھا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں چیف سیکرٹری آفس سے غائب رہے اور تھرٹ الرٹس کے باوجود آئی جی پی نے مناسب سیکیورٹی اقدامات نہیں کیے۔
مراسلہ میں خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ تبدیلی میں ایک گھنٹے کی تاخیر بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔