اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی، حیدرآباد، راولپنڈی اور بلوچستان کے علاقے حب میں چھاپے مارے گئے، راولپنڈی میں ایک کارگوآفس سے 2 کلو چرس اور 7 کلو مشکوک مواد ایک پارسل سے برآمد ہوا۔
پنجاب میں ملک کی پہلی انسداد منشیات فورس قائم
حب میں آرسی ڈی روڈ کے قریب گاڑی سے 24 کلو اور ایک علیحدہ کارروائی میں 64 کلو چرس برآمد کی گئی، کراچی کے آدم جی داؤد روڈ پر واقع ایک گودام سے 384 کلو مشکوک مواد قبضے میں لیا گیا جبکہ حیدرآباد نیشنل ہائی وے پربس سے 2 کلو افیون برآمد کی گئی۔
ان کارروائیوں میں مجموعی طورپر5 ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ، ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
