سندھ پولیس کے تحقیقاتی یونٹ ایس آئی یو اور حساس ادارے نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں مشترکہ کارروائی کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 4 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے سی آئی اے سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان بھارتی کرنل رنجیت سے مسلسل رابطے میں تھے اور انہیں پاکستان کی حساس تنصیبات کی تصاویر فراہم کرتے رہے۔
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات، بچی جاں بحق، پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک
شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان کراچی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے، کراچی کے مختلف علاقوں میں تخریب کاری کے منصوبے بنا رکھے تھے، حساس اداروں کی اطلاع پر ملیر قائد آباد میں مشترکہ کارروائی سے گرفتار افراد کے قبضے سے چار دستی بم، پسٹلز، ایک مشکوک گاڑی اور دیگر تخریبی مواد برآمد ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے ملزمان کے تمام موبائل ڈیٹا کا بھی تجزیہ مکمل کرلیا ہے، جس سے مزید شواہد ملے ہیں کہ ملزمان نہ صرف را سے ہیں بلکہ کرنل رنجیت سے براہِ راست ہدایات لیتے تھے بلکہ اہم تنصیبات کی تصویریں اور سیکیورٹی معلومات بھی ان تک پہنچا رہے تھے۔