اسلام آباد: احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی ہو گئی ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو حاضری سے تین روز کا استثنیٰ مل گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو کہا کہ چونکہ وہ ایون فیلڈ کیس میں فیصلہ سنا چکے ہیں اس لیے وہ یہ کیس نہ سنیں اور اس معاملے پر سپریم کورٹ کو خط لکھیں۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مدت بھی ختم ہو رہی ہے، اس کے متعلق خط لکھنا میرا کام ہے، اس خط میں آپ کا اعتراض بھی شامل کر دیں گے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز جمعہ کی شام پاکستان پہنچ رہے ہیں، اس لیے سماعت پیر تک ملتوی کر دی جائے، بہتر ہے کہ سپریم کورٹ سے ہدایات ملنے کے بعد مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے، ہم چاہتے تھے کہ تمام ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ ہو۔
احتساب عدالت میں نوازشریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی اور بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
عدالت نے نوازشریف اور مریم نواز کو تین روز کا استثنیٰ دیتے ہوئے العزیزیہ مل ریفرنس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی۔