اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدرکو تحفظ دینے والوں اور گرفتاری میں رکاوٹ بننے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیپٹن(ر) صفدر قانون پر عمل درآمد کرتے توپہلے گرفتاری دے دیتے۔ ترجمان کے مطابق وہ مجرم اور کرپٹ ثابت ہو چکے ہیں۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ میڈیا کیپٹن(ر) صفدر کی تقریریں نشر نہ کرے۔
نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اتوار کے دن گرفتار کرلیا تھا لیکن (ن) لیگی رہنماؤں اور کارکنان نے انہیں چھڑالیا تھا۔ ریلی میں سابق حکمران جماعت کے متعدد اہم رہنما بھی موجود تھے۔
مریم نواز کے خاوند اور سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے نیب حراست سے رہائی کے بعد کچھ دیر سونار کی ایک دکان میں قیام کیا، پھر راولپنڈی میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکا سے جگہ جگہ خطاب کیا اور شدید نعرے بازی بھی کرائی۔
نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ ریلی میں موجود رہے ۔
کیپٹن (ر) صفدر نے آج (بروز اتوار) ہی گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ گرفتاری دینا میری غیرت کا تقاضا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ میں گرفتاری دینے جا رہا ہوں۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں جمعہ کو کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔