ریاست کیخلاف بات کرنے والا عوامی نمائندگی کا اہل نہیں، گورنر خیبر پختونخوا

Faisal

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بات کرنے والا عوامی نمائندگی کا اہل نہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا اسلحہ سے متعلق بیان کھلی بغاوت کے مترادف ہے۔ اور ریاست کے خلاف بات کرنے والا عوامی نمائندگی کا اہل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف بیان قابل گرفت ہے۔ اس پر کارروائی ہونی چاہیے۔ علی امین گنڈاپور کی زبان ریاستی وحدت اور آئین کے خلاف ہے جبکہ افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گندی سیاست کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاک فوج کی فتح پر سوشل میڈیا پر مہمات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پناہ ملتی ہے۔ جبکہ پُرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ پشاور میں احتجاج پر حملہ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا “علی بابا چالیس چوروں” کے قبضے میں ہے۔ کوہستان میں 40 ارب روپے کا اسکینڈل آیا لیکن کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔ سولر منصوبے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں لیکن کوئی جوابدہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ گریڈ 4 کی نوکریاں برائے فروخت اور اساتذہ کے ٹیسٹ وزیروں کے گھروں میں ہو رہے ہیں۔ ایسی حکومت آئینی اور عوامی اعتماد کھو چکی ہے۔ ریاست پاکستان ناقابلِ تقسیم ہے اور قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں