ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے آدم پور سے 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نےرات گئے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے 6 بیلسٹک میزائل داغے ہیں جن میں سے ایک آدم پورہی گرا جبکہ پانچ بھارتی پنجاب کے شہرامرتسرمیں گرے۔
بھارتی جارحیت، غیور سکھوں کا بھارت کیخلاف کھڑے ہونے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارتی فوج کی بدحواسی اورناقص نظام کا ثبوت ہے بھارت دانستہ طورپر اپنے ہی شہریوں، خاص طورپرسکھوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کی ہمدردیاں سکھ برادری کے ساتھ ہیں، جو بھارتی ریاستی جبر کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اورعلاقائی امن کے لیے پرعزم ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت اور اندرونی انتشارعالمی توجہ کا متقاضی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاس بھارت کے اپنے شہریوں پر بیلسٹک میزائل داغنے کے ثبوت موجود ہیں، بھارت کے آدم پور اور امرتسر میں بیلسٹک میزائل گرانے کے الیکٹرانک سگنیچر موجود ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اپنے ہی سکھ شہریوں پر میزائل داغنے کے واقعہ گہری سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی یہ بزدلانہ اور شرمناک کارروائیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہی ہیں۔