بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں جس 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے، پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج نے مؤثر اور فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے، 3 ڈرون مار گرائے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے اپنی حدود سے پاکستان کے 5 مختلف علاقوں پر میزائل داغے ہیں۔ نشانہ بننے والے مقامات میں کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے شامل ہیں۔
بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بھارتی آلہ کار بی ایل اے کا سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ، 7 اہلکار شہید
بہاولپور میں چار زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مظفرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور حملوں کے بعد شہر بھر میں پاور بلیک آؤٹ ہو گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا اور سیکیورٹی ادارے مکمل ہائی الرٹ ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بزدلانہ حملے کے جواب میں پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج نے مؤثر اور فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 طیارے مار گرائے۔ جن میں مگ 29 اور ایس یو 30 بھی شامل ہیں۔
پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں بھارت کا ایک اور جنگی طیارہ مار گرایا۔ جس کے بعد پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے گرائے گئے طیاروں کی تعداد 5 ہو گئی۔
پاک بھارت کشیدگی ، اسلام آباد کے اسپتالوں میں ہائی الرٹ
بھارتی میڈیا نے اپنے جنگی طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے تباہ ہونے والے طیاروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کر دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارت کے 3 ڈرون بھی مار گرائے۔ پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ایک ڈرون مار گرایا۔ جبکہ کوٹلی لوہاراں میں بھی بھارت کے 2 ڈرون تباہ ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرونز کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پاک فوج کی سرحد پر بھارتی پوسٹوں پر حملے میں پیر کانٹی سیکٹر سے 40 اور بڈوری پوسٹ سے 50 بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن فوجیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ پاک فوج کے جوابی حملے میں دشمن اپنی کئی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
پاک فوج نے دشمن کی ڈنا پوسٹ، گفدار پوسٹ، چھتری پوسٹ، پانڈو سیکٹر میں موجود جنگل ون پوسٹ سمیت کئی پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے شکست تسلیم کرلی۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے صرف غیر مسلح اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جو کہ ایک ناقابل معافی جنگی جرم ہے۔ پاک افواج نے ہر شہید پاکستانی کا بدلہ لیتے ہوئے دشمن کے طیارے تباہ کردیے ہیں۔
پاک فوج نے کوٹ کٹھیرا سیکٹر (کوٹلی) میں بھارت کی سرلیاون پوسٹ بھی تباہ کر دی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوٹلی میں بھارتی پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا،جس کے بعد بھارتی پوسٹ دھویں کے بادلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ پاک مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید، بھارت کی غلط فہمی کو دور کر دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک افواج نے لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں دشمن کی دھرمسل ون اور 2 پوسٹیں بھی تباہ کر دیں، سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل اوسی کے نیزہ پیر سیکٹر کے مقابل بھارتی فوج کی شاہپور 3 پوسٹ بھی تباہ ہو گئی ہے۔
پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ کردیں، ایل او سی پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں،پاک فوج نے چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کردیا ،پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی، بھارتی فوجی بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
اس سے قبل 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو منہ کی کھانا پڑی،مندل سیکٹرمیں سری ٹاپ پر بھارتی پوسٹ کو پاک فوج نے تباہ کردیا ہے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی کارروائیوں سے بھارتی فوج کے قدم اکھڑ چکے ہیں۔
بھارتی پوسٹوں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں سے دشمن کا بھاری نقصان ہوا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا رہے گا۔
صورتحال کے پیش نظر افواج پاکستان مکمل ہائی الرٹ پر ہیں اور ملک بھر میں دفاعی تیاریوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بھارتی حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور ایئرپورٹ کو 48 گھنٹوں کے لیے پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت ملک کے دیگر ایئرپورٹس کو بھی بند کر دیا گیا۔
دوسری جانب امریکی صدر نے بھارتی حملے کو شرمناک قرار دے دیا۔