شیخوپورہ: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ پاکستان بھارت کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شیخوپورہ میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کے دورے کے موقع پر کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ صنعت و حرفت کی ترقی ملکی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل جدید ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا رہی ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب اور محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار کا کوئی موازنہ نہیں، شیر افضل مروت
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ اور بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ پہلگام واقعہ ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت پہلگام حملے کا ٹھوس ثبوت دے۔ اور عالمی برادری پہلگام واقعہ کا نوٹس لے۔ سرحدوں پر پہرا دینے والے فوجی جوان اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ بلکہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔