اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے بابر اعطم کو بیڈ پیچ سے نکلنے کے لیے سینئرز سے بات کرنے کا مشورہ دے دیا۔
سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بابر اعظم یا تو شرمیلے یا انا پرست ہیں جو کسی سے رہنمائی نہیں لے رہے۔ موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے انہیں سینئر کھلاڑیوں سے مشورہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق بھارتی بیٹر اظہرالدین نے 90-1989 کے دورہ پاکستان میں مجھ سے رائے لی تھی۔ اور میں نے انہیں بیٹنگ مضبوط کرنے کا مشورہ دیا تھا جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حسن علی پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے
بابراعظم کی بیٹنگ تکنیک پر تبصرہ کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ حالیہ میچز میں وہ جلد بازی میں شاٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو رہے ہیں۔ تکنیکی مسائل پر توجہ دیں اور سینئرز سے رہنمائی لیں تاکہ فارم میں واپس آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح یونس خان نے ایک موقع پر بری فارم سے چھٹکارہ پانے کے لیے اظہر الدین کے مشورے پر عمل کیا تھا۔
دوسری جانب سابق کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ بابراعظم اس وقت بیڈ پیچ سے گزر رہے ہیں۔ ایسے میں ہر کسی کا ان کو مشورے دینا درست رویہ نہیں۔ اور کھلاڑی کو بیڈ پیچ سے نکلنے کے لیے سب سے ضروری یہ ہے کہ بنیادی کرکٹ پر واپس جائے۔