لودھراں : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ زرداری کو لٹیرا اور ملک دشمن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جو پیپلز پارٹی کے جیالے تھے وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں۔
دنیا پور میں پی ٹی آئی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف اور اسحاق ڈار نے پاکستان کی صنعتیں بند کرائیں اور ہندوستان کی صنعتوں کو فروغ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ ن لیگی حکومت نے ملک کو قرضے میں ڈبو کرکھوکھلا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے زرداری پیسے لے کر چلا گیا اور پھرنوازشریف نے پانچ سال میں ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔
سابق وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اتنا کچھ کرنے کے بعد نوازشریف نے ایک کاغذ نہیں دیا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا؟
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ ڈی جی خان سے ن لیگ کے تمام امیدوار پارٹی ٹکٹ واپس کرکے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپٹ ٹولہ بے نقاب ہوچکا ہے۔
سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سن لو! اب حساب کا وقت ہے۔
جہانگیر خان ترین نے (ن) لیگ کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک بارش لاہور کو پیرس بنانے کے دعووں کو پانی میں بہا کرلے گئی۔
آئندہ عام انتخابات میں لودھراں سے پارٹی کی کامیابی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک بھر سے انتخابی امیدوار کھڑے کیے ہیں جو چیئرمین عمران خان کے نظرئیے کو لے کر چل رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کا مستقبل روشن کرنا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کے اقدام کو خوش آئند قراردیا ۔