کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہرقائد میں نمکو بنانے والی دو فیکٹریوں کو ناقص اشیا کے استعمال پرسیل کردیا۔
کراچی کے علاقے بفرزون میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے نمکو بنانے والی دو فیکٹریوں پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران حکام کو فیکٹری میں گندگی ملی اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اقدامات نظر آئے۔ حکام کو کارروائی کے دوران ناقص اشیا کا استعمال بھی نظر آیا تو انہوں نے فیکٹری کو سیل کردیا اورناقص اشیا کو ضائع کردیا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپہ مارنے والے حکام جب فیکٹریوں کے کچن میں گئے تو انہیں ہرطرف غلاظت اورگندگی ملی۔ فیکٹری کے گودام میں چوہے آزادانہ دوڑ رہے تھے اورنمکو کی تیاری میں استعمال ہونے والے سامان کے اطراف منڈلا رہے تھے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام نے یہ بھی نوٹس کیا کہ نمکو تیارکرنے والا عملہ صاف ستھرے لباس میں ملبوس نہیں تھا اورنہ ان کے پاس یونیفارم تھا۔
نمکو بنانے والی دونوں فیکٹریاں گزشتہ دس سال سے کام کررہی تھیں۔ فیکٹریوں کے خلاف کبھی کارروائی نہیں ہوئی جس کے نتیجے میں علی اعلان انسانی صحت سے کھیلتے رہی ہیں۔