اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آرہی ہیں۔ علی امین گنڈاپور کو احتجاجی مظاہروں سے الگ کریں انہوں نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر لیا۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ میرے اہلخانہ سیاست میں نہیں ہوں گے۔ اور ہم ان کے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری رائے ہے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو احتجاجی مظاہروں سے الگ کریں۔ انہوں نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر لیا۔ مخالفین کے منہ میں یہ بات نہیں ڈالنی کہ ایک صوبے نے دوسرے صوبے پر چڑھائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمن نے حکومت کا ساتھ دے کر یوٹرن لیا، لطیف کھوسہ
شیر افضل مروت نے کہا کہ دھرنے کے لیے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ لیکن ہم نے کچھ نہیں کیا۔ قیادت کے پاس احتجاج کے لیے منظم حکمت عملی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ اور اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے غیر منظم ہیں۔
نئے چیف جسٹس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس متوازن شخصیت ہیں۔ اور وہ جب وکیل تھے تب سے ان کی ایمانداری پر یقین ہے۔