کراچی: نیب کراچی کی جانب سے کل کھلی کچہری لگائے جائے گی جس میں عوامی شکایات وصول اور موقع پر ہی ان کی داد رسی کی کوشش کی جائے گی۔
ترجمان نیب کراچی کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات پر کھلی کچہری دوپہر دو سے چار بجے تک نیب کراچی کے دفتر میں لگائی جائےگی، انہوں نے بتایا کہ عوام اپنی شکایات کھلی کچہری میں جمع کرا سکتے ہیں تاہم پیسے کے لین دین اور فراڈ جیسی ذاتی نوعیت کی شکایات جمع کرانے سے گریزکیا جائے کیونکہ ایسی شکایات نیب قوانین کے زمرے میں نہیں آتیں۔
ترجمان نیب کراچی نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب کراچی محمد الطاف باوانی اور دیگر متعلقہ افسران کرپشن کے متعلق عوامی شکایات وصول کریں گے، عوام قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی نشاندہی کریں اور سرکاری منصوبوں اور کاموں میں خورد برد سے متعلق شکایات جمع کرائیں، ان شکایات پر نیب قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عوام اپنی شکایات شواہد کے ساتھ ای میل ایڈریس دیے گئے ٹیلیفون نمبرز پر بھی رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں، کھلی کہچری کا مقصد یہ ہے کہ عوام کرپشن جیسی لعنت کے خاتمہ کے لیے نیب کے ساتھ مل کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔