بجلی صارفین کیلئے ایک ساتھ بجلی مہنگی اور سستی بھی کر دی گئی

nepra نیپرا بجلی صارفین

بجلی صارفین کیلئے ایک ساتھ بجلی مہنگی اور سستی بھی کر دی گئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کر دی جبکہ جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیپرا سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے اور یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

بیرونی فنانسنگ گیپ کو پْر کرنے کیلئے حکومت نے نجی بینک سے ایک ارب ڈالر قرض مانگ لیا

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی اور 24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہو جائے گی اور نیپرا نے کہا کہ ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے کا اضافہ ہو گا۔

نیپرا نے بتایا کہ اتھارٹی نے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے اور اس حوالے سے درخواست پر سماعت 28 اگست 2024 کو کی تھی اور یہ ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اس سے قبل بجلی صارفین سے جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کیا گیا تھا، اس طرح ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے93پیسے کی کمی ہو گی تاہم دونوں ایڈجسٹمنٹ ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔


متعلقہ خبریں