اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت سمندری امور کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سیکرٹری برائے وزارت سمندری امور نے بریفنگ دی اور گوادر بندرگاہ کی ترقی کے حوالے سے اہم امور اور اس کی راہ میں حائل مسائل سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری برائے وزارت سمندری امور نے کراچی پورٹ ٹرسٹ، پاکستان ڈیپ واٹر کنٹینر پورٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی اور دیگراداروں کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے سال 18۔2017 میں چار ارب 34 کروڑ ایک لاکھ روپے کا منافع کمایا جبکہ 18۔2017 میں پورٹ قاسم کی آمدنی پانچ ارب 87 کروڑ روپے رہی۔