آئی پی پیز کا معاملہ، وزیر توانائی کا حافظ نعیم کو مناظرے کا چیلنج

حافظ نعیم

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے معاملے پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو مناظرے کا چیلنج کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر حافظ نعیم کے ساتھ اوپن مناظرے کے لیے تیار ہوں۔ امیر جماعت اسلامی اپنے ساتھ دو چار انجینئرز بھی لے آئیں، میں اکیلے گریٹ ڈیبیٹ کے لیے تیار ہوں۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاملے کو اُجاگر کرنا قابل تعریف ہے لیکن اس پر سیاست مناسب نہیں۔

بجلی کے مسئلے پر سیاست عوام کی توہین، آئی پی پیز کا کوئی ایشو نہیں، وزیراعظم

خیال رہے کہ امیر جماعت اسلامی حکومت کو خبردار کرچکے ہیں کہ آئی پی پیز کے معاملے پر سپریم کورٹ بھی جاسکتے ہیں۔ کون سچ اور کون جھوٹ بولتا ہے، میڈیا کے سامنے مذاکرات کیے جائیں سب سامنے آجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بجلی خریدنے کے معاہدے دکھائے جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ حکومت کے ملکیتی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز عوام ادا نہیں کریں گے۔ جن آئی پی پیز کے معاہدے مدت مکمل کر چکے انکو ختم کیا جائے ان معاہدوں پر جب تک نظر ثانی نہیں ہو گی دھرنا ختم نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں