گورنر سندھ کا 100 اونٹوں اور 100 بکروں کی قربانی کا اعلان

Governor Sindh

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں 100 اونٹوں اور 100 بکروں کی قربانی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں قربانی کے 50 اونٹ پہنچا دیئے گئے ہیں جبکہ دیگر بھی لائے جا رہے ہیں۔ قربانی کے لیے سفید نسل کے اونٹ بھی گورنر ہاؤس لائے گئے ہیں۔

قربانی کے لیے اونٹ ملتان، تھر، چولستان اور تونسہ شریف سے لائے گئے ہیں۔ عید کے تینوں دن اونٹوں کو نحر اور بکروں کو قربان کیا جائے گا۔

اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس سے 3 دن تک مستحقین اور غریبوں میں اونٹ اور بکروں کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا، وزیراعظم

واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر 5 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس سلسلے میں متاثرہ شہری کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں۔ جانوروں سے ایسا سلوک کیا جانا کسی انسان کو زیب نہیں دیتا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹ کر غریب شخص سے اس کی روزی بھی چھینی گئی۔ قربانی کا مہینہ دوسروں کے دکھ درد کا احساس جگانے کی کوشش ہے اور میں دورہ حیدرآباد کے دوران سانگھڑ کے متاثرہ شخص کو اونٹ دوں گا۔


متعلقہ خبریں