کرسٹیانو رونالڈو مسلسل دوسرے سال سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ قرار

Cristiano Ronaldo

لزبن: پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 2024 کے سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ قرار دے دیئے گئے۔

غیر ملکی جریدے نے 2024 میں سب سے زیادہ کمانے والے 50 ایتھلیٹس کی فہرست جاری کر دی۔ فہرست کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 12 ماہ کے دوران 26 کروڑ ڈالرز کما کر دیگر تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پرتگالی اسٹار مسلسل دوسری بار دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بن گئے۔ ایک سال کے دوران انہوں نے فٹبال گرانڈ سے 20 کروڑ جبکہ میدان سے باہر اشتہارات اور دیگر کے ذریعے 6 کروڑ ڈالرز کمائے۔ رونالڈو کو 20 کروڑ ڈالرز سعودی کلب النصر سے معاہدے کے نتیجے میں ملے۔

رپورٹ کے مطابق پہلی بار دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے 10 ایتھلیٹس میں سے ہر ایک کی آمدنی سال میں 10 کروڑ ڈالرز سے زیادہ رہی۔ دوسرے نمبر پر ایک گالفر جوہن رحم موجود ہیں۔ جو ایک سال میں 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ویمن ٹی 20، پاکستان کو 65 رنز سے شکست

تیسرا نمبر ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی کے نام رہا جن کی سالانہ آمدنی 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہی۔ چوتھے اور 5 ویں نمبر پر باسکٹ بال پلیئرز لی بورن جیمز اور گیانس ایٹی ٹیوکونمپو رہے۔ جو بالترتیب 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز اور 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔

فرانس کے نوجوان فٹبالر کیلان ایمباپے 11 کروڑ کمانے میں کامیاب رہے۔ وہ فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

اسی طرح برازیل کے فٹبالر نیمار 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کما کر 7ویں نمبر پررہے۔ فرانس کے فٹبالر کریم بنزیما 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کما کر 8ویں نمبر پر آئے۔ باسکٹ پلیئر اسٹیفن کری 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کما کر 9ویں جبکہ رگبی پلیئر لیمار جیکسن 10 کروڑ ڈالرز سے زائد کما کر 10ویں نمبر پر رہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے 50 ایتھلیٹس کی فہرست میں اس سال حیران کن طور پر کوئی بھی کرکٹر یا ٹینس پلیئر جگہ بنانے میں ناکام رہا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں