معروف پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے ماضی میں اپنے نامناسب رویے پر معافی مانگ لی۔
حال ہی میں گلوکار ابرار الحق نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے والدین کے لیے دل میں رہ جانے والی ادھوری خواہشات کے بارے میں بات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے ایک نامناسب رویے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معذرت بھی کی۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا زندگی میں آپ کو کوئی پچھتاوا ہے؟جس پر انہوں نے دکھی دل کے ساتھ کہا کہ کاش میں والدین کی تھوڑی اور خدمت کرلیتا، میری یہ خواہش تھی کہ میں اپنی کامیابیوں کو ان کے ساتھ بانٹ سکتا مگر ایسا نہیں کر سکا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ماضی کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ جب میں نے نئی گاڑی خریدی تھی تو میری گاڑی کو دوسری گاڑی والے نے پیچھے سے ٹکر مار دی تھی، تو مجھے کافی غصہ آیا اور میں نے اسے شدید غصے بھرے لہجے میں کہا کہ اندھے ہو کیا۔
لیکن جب اس نے میری طرف دیکھا تو اندازہ ہوا کہ واقعی اسے ٹھیک سے نظر نہیں آتا تھا، اگر وہ شخص میرا پروگرام دیکھ رہا ہے تو میں اس سے دل سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔