سابق صدر اور تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں، اگر ایسے لوگ اللہ نے پاکستان کو دئیے ہیں تو قدر کیجیئے۔
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ عارف علوی ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور شاہ محمود قریشی سے ملے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے دوستوں سے ملنے آیا تھا، ان کا حال احوال اور پریشانیاں سنیں، وہ انصاف کے متقاضی ہیں، جو ٹرائل کرنا ہے کریں۔ چاہتا ہوں کمیشن بنے، اس میں 9 مئی کی تحقیقات کی جائیں اور سزا دی جائے۔
پاکستانی عوام کی خدمت کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، عارف علوی
سابق صدر نے کہا کہ دونوں طرف کے لوگوں کو درگزر کرنا پڑے گا، عوام اور ملک کا سوچیں۔ 8 فروری کے لیے نشان تک چھینا لیکن پھر بھی عوام نے ساتھ دیا، کل کی پریس کانفرنس میں کمیشن کا کہا گیا، میں نے پورا اتفاق کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کیا مشورہ دوں، وہ تو پہلے ہی جیل میں ہیں۔’
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آپ سب لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ لوگ دہشتگردی کے کیسز کا سامنا کررہے ہیں، آپ فکر نہ کریں لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔