حج آپریشن 9 مئی سے 9 جون تک جاری رہے گا، فلائٹ شیڈول جاری

Hajj Operation

فوٹو: فائل


اسلام آباد: حکومت کی جانب سے عازمین حج کی روانگی کے لیے فلائٹ شیڈول جاری کر دیا گیا۔ فلائٹ آپریشن 9 مئی سے 9 جون تک جاری رہے گا۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون ہو گا۔ پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔ جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔

فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے جبکہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عازمین کیلئے حج ایپ متعارف کروا دی گئی جسے ہر حاجی کیلئے ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی

ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین حج سفر کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمین کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے۔

کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو روانہ ہو گی جبکہ سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔ مجموعی طور پر 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

حج فلائٹ آپریشن کا اختتام 9 جون کو ہو گا۔ اس کے بعد 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔


متعلقہ خبریں