نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ ادا کیا جائے ، سپریم کورٹ کا حکم

سپریم کورٹ (supreme court)

سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

متاثرین کے وکیل ایڈووکیٹ شہاب سرکی نے عدالت کو بتایا کہ ٹاور کے بلڈر کا انتقال ہو چکا، متاثرین کو تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

نسلہ ٹاور پلان کی منظوری دینے والوں کے خلاف مقدمہ درج،ریکارڈ طلب

عدالت نے حکم دیا کہ ٹاور کے متاثرین ملکیت کے دستاویزی شواہد کے ساتھ آفیشل اسائنی سے رابطہ کریں ،عدالت نے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق بھی رپورٹ پیش کرتے ہوئے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرنے کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ نیلامی میں آنے والی بولی کی بھی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کمشنر نے زمین تحویل میں لے کر رپورٹ جمع کرا دی تھی۔

سرکاری ادارے صرف ملازمین کو پال رہے ہیں ، لوگوں کو کیا مل رہا ہے ؟ چیف جسٹس

متاثرین کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ پلاٹ فروخت کر کے متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے، ٹاور سے ملحقہ 240 گز کا پلاٹ بھی فروخت کر کے متاثرین کو رقم دی جائے۔

عدالت نے سندھی مسلم کوآپریٹیو سوسائٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نسلہ ٹاور سے ملحقہ پلاٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ اور ٹاور کے مرحوم بلڈر کے ورثاء کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔


متعلقہ خبریں