ججز کو دھمکی آمیز خطوط حکومتی سازش ہے، پی ٹی آئی کا الزام

pti

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ججز کو ہراساں کرنے کے لیے بھیجے گئے دھمکی آمیز خطوط کو حکومتی سازش قرار دے دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل بھیجے گئے دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کی فوری اور جامع تحقیقات کرائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس کی کارروائی کے آغاز کے بعد زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کے سلسلے میں تیزی کا مقصد عدالتوں میں خوف اور بے یقینی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کو رہا کر دیا گیا

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف اور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباؤ اور مداخلت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباؤ کا شکار کرنے والے عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔ خاص طور پر تحریک انصاف سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو خطوط بھیجنے کا مقصد واضح طور پر عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونا ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو یکے بعد دیگرے مشکوک لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں