پنجاب اور خیبر پختونخوا کابینہ آج حلف اٹھائے گی


اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کابینہ کی تشکیل کا کام مکمل ہو گیا۔ دونوں صوبائی حکومتوں کی کابینہ آج حلف اٹھائے گی۔ 

8 فروری کو ہونے والے انتخاب کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بننے والی حکومتوں نے کابینہ کی تشکیل کا کام مکمل کر لیا جس کے ارکان آج حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنی کابینہ کے لیے نام فائنل کر لیے۔ پنجاب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب آج بروز بدھ کو شام 4 بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نامزد صوبائی وزراء سے حلف لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی اخراجات میں کمی لانے کیلئے سفارشات طلب

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں 16 سے  25 وزرا  شامل ہوں گے۔ پنجاب کابینہ میں مشیران اور معاونین خصوصی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید، عظمیٰ بخاری، خواجہ عمران نذیز، خواجہ سلمان رفیق، صہیب بھرت، ملک فیصل ایوب کھوکھر، رانا سکندر حیات، سردار شیر علی گورچانی، میاں مجتبی شجاع الرحمن، بلال یاسین کے نام شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا بھی ایک ایک وزیر پنجاب کابینہ کا حصہ ہو گا۔

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے نام فائنل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ آج حلف اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی

خیبر پختونخوا کابینہ کی حلف برداری کی تقریب آج  ساڑھے 6 بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی اور حلف کے لیے کابینہ کے نامزد ارکان کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق حلف اٹھانے والوں میں ظاہر شاہ طورو، عاقب اللہ، مینا خان، ارشد ایوب خان، شکیل خان، محمد سجاد، فضل حکیم، خلیق الرحمان، فضل شکور، بیرسٹر محمد علی سیف اور تیمور جھگڑا شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں