حکومتی اخراجات میں کمی لانے کیلئے سفارشات طلب

SHAHBAZ SHARIF

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتی اخراجات میں بڑی کمی لانے کے لیے جامع سفارشات طلب کر لیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ملک امجد زبیر ٹوانہ نے شرکا کو ٹیکس وصولیوں میں اضافے، ایکسپورٹرز کو ری فنڈز کی ادائیگی، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کی بریفنگ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹو میشن کا عمل فوری طور پر دنیا میں موجود بہترین ماڈلز کی بنیاد پر کیا جائے جس کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہو گیا وہ ہو گیا لیکن ہمیں اس سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ رونے دھونے سے کچھ نہیں بدلے گا اس لیے ہمیں چیلنج قبول کرتے ہوئے ادھار کی زندگی سے نجات حاصل کرنے کی راہ اختیار کرنا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو درپیش حالات کے سب ذمہ دارہیں تاہم قابل اور اچھے لوگ بھی ہر جگہ موجود ہیں۔ آج ہم نے محنت سے درست راستے پر سفر شروع کیا تو جلد ہی خوشحالی اور کامیابی کی منزل سے ہم کنار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لائق، ایماندار اور پیشہ وارانہ قابلیت رکھنے والے افسران کو انعام دیں گے جبکہ ریونیو دینے اور غیرمعمولی ریونیو جمع کرنے والوں کو بھی انعام دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے لیے میرٹ پر قابل لوگ لائے جائیں۔ وزارت داخلہ اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے کام کرے گی جس میں فوج بھی بھرپور معاونت فراہم کرے گی اور میں اس عمل کی خود نگرانی کروں گا۔


متعلقہ خبریں