ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ شروع، سردی میں اضافہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔

راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، جڑانوالہ، سرگودھا، ٹبہ سلطان پور، جہانیاں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر، شانگلہ، بنوں سمیت مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر بھی ایک بار پھر برفباری شروع ہو گئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے اتوار تک بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ کچھ شہروں میں طوفانی بارشوں کا بھی امکان ہے جس کے بعد ان علاقوں میں نہ صرف حفاظتی اقدامات کر لیے گئے بلکہ شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی میں بھی آج دوپہر سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کی کچھ باتیں جائز ہیں، رانا ثنا اللہ

شہر قائد میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ہو گا جبکہ شام کی شفٹ کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔

گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گوادر میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث 140 سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں کوئٹہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا جبکہ 50 سے زائد گھر مکمل اور 90 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

بلوچستان کے علاقے کیچ میں 2 سڑکوں اور ایک پل کو نقصان پہنچا ہے۔


متعلقہ خبریں