ملک بھر میں آج سے بارش کی پیشگوئی


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں اتوار کو موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا تاہم رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کو چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، مہمند، باجوڑ، خیبر، کرم، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو موسم خشک رہے گا تاہم شام کو خطہ پوٹھوہار، میانوالی، اٹک، خوشاب، سرگودھا، مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے 12 مئی واقعات کی یاد تازہ کر دی، عبدالغفور حیدری

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چاغی، نوشکی، خاران، پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات ، تربت، واشک، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، مکران اور کوہلو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا البتہ آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں