تربت میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، شہری محفوظ مقام پر منتقل


تربت: بلوچستان کے شہر تربت کے سیلاب زدہ علاقے میں پاک فوج نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور ایف سی نے تربت کے سیلاب زدہ علاقے سامی میں کامیاب ریسکیو آپریشن کر کے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

تربت کے علاقے سامی میں سیلاب کے بعد علاقہ مکین مشکل صورتحال میں پھنس گئے تھے، جس پر پاک فوج نے سیلاب میں پھنسے شہریوں کے انخلا کا بر وقت فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستوں نے تربت کے سیلاب زدہ علاقے سامی میں کامیاب ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیا۔ ریسکیو آپریشن کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے بچوں سمیت 9 افراد کو نکالنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال، گاڑیاں ڈوب گئیں

ریسکیو کیے جانے افراد کو قریبی فرنٹیئر کور (جنوبی بلوچستان) کیمپ میں ہر وقت طبی امداد اور ضروری ادویات فراہم کی گئی۔

علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور ایف سی کے بروقت اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قدرتی آفات میں لوگوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کا جواب دینے کے لیے چوکس ہے۔


متعلقہ خبریں