اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم ایم اے ملک بھر کی قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایم ایم اے کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پرغور کیا گیا اور بیشتر نشستوں پر ضلعی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ کی متفقہ سفارشات منظور کرلی گئیں جبکہ اختلافی نشستوں کے لیے اتفاق رائے کا فارمولا بھی طے کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران افطارڈنرز، ختم قرآن اور کانفرنسوں کے ذریعے لاکھوں محبان دین سے رابطہ کیا گیا جبکہ عید کے بعد ایم ایم اے کی پورے ملک میں رابطہ عوام مہم بھرپور طریقے سے شروع ہو جائے گی جس میں پشاور، ملتان، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایم ایم اے غریب اور تبدیلی کا عزم رکھنے والے عوام کا نمائندہ اتحاد ہے، جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ کرپٹ حکمران ہیں، پانچ سالوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دینی ووٹرز کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے، سیکولر اور مفاد پرست ٹولے کے ساتھ قومی سلامتی کا تحفظ ممکن نہیں، عوام کو دھوکہ دے کر اپنے مفادات کا غلام بنانے والی اسٹیٹس کو کی حامی جماعتوں سے نجات پانا ہے۔