مودی کی انتخابی مہم، پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں تیزی


اسلام آباد: بھارت میں انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشنز اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اضافہ ہو گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سرن کوٹ میں بھارتی فوجی قافلے پر حریت پسندوں کے حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا جبکہ سرن کوٹ، پونچھ کا علاقہ بھارت کے اندر ایل او سی سے 15 سے 20 کلومیٹر دور ہے۔

بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس اور گودی میڈیا نے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگانا شروع کر دیا اور رواں سال مودی سرکار متعدد فالس فلیگ آپریشن کر چکی ہے۔ فالس فلیگ آپریشنوں کا مقصد پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر انتخابات میں ہمدردی حاصل کرنا ہے۔

25 جنوری کو ریپبلک ڈے سے قبل فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا گیا اور 26 اپریل کو جی 20 اجلاس کے دوران فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا گیا۔ 21 مئی کو پونچھ، 14 ستمبر کو اننت ناگ اور 28 اکتوبر کو نیلم میں بھی فالس فلیگ آپریشن کیا گیا اور پاکستان پر الزام عائد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اقلیتوں کی نمائندگی کیلئے بھر پور کوشش کریں گے، نواز شریف

5 اکتوبر کو بھارتی میڈیا نے راجوڑی میں دہشتگرد حملے اور پاکستان پر معاونت کا الزام لگایا جبکہ حقیقت میں بھارتی میجر نے فائرنگ سے 5 بھارتی فوجی مار دیئے تھے۔ اپریل میں بھارتی میڈیا نے بھٹنڈہ میں ہونے والے واقعے کو دہشتگردی قرار دے کر الزام پاکستان پر لگایا تھا۔

2014 کے انتخابات سے قبل سرجیکل اسٹرائیک اور 2018 کے انتخابات سے قبل پلوامہ حملے کا ڈرامہ رچایا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک اور صحافی رویش کمار بھی پلوامہ حملے کے جعلی ہونے کا انکشاف کر چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق حالیہ ہندوستانی پروپیگنڈا پاکستان کے آرمی چیف کے کامیاب دورہ امریکہ کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش ہو سکتی ہے اور حیران کن طور پر تمام فالس فلیگ آپریشنوں کی اطلاع را کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بریک کی جاتی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں دن بہ دن بگڑتی صورت حال سے گھبرا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ ہندوستانی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں اندورنی سیکیورٹی کے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں