پہلا ٹیسٹ میچ، تیج الاسلام کی شاندار باؤلنگ، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی


بنگلہ دیش نے تیج الاسلام کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 150 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز پر آؤٹ ہو گئی، تیج الاسلام نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلہ دیش کی یہ اپنی سر زمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی فتح ہے، ہفتہ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 113 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈیرل مچل 44 اور ایش سودی 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

کولن منرو اور ایلکس ہیلز بھی پی ایس ایل 9 کو چار چاند لگانے کیلئے تیار

ڈیرل مچل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 58 رنز بنانے کے بعد نعیم حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد کپتان ٹم ساؤتھی بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں ایش سودی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 178 تک پہنچا دیا، ٹم ساؤتھی نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بنا کر تیج الاسلام کا نشانہ بنے۔

ایش سودی کو بھی تیج الاسلام نے 22 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلا دی، نیوزی لینڈ کی ٹیم 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں، انہیں میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں