آسٹریلیا میں کڑا امتحان، پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کی اہم بیٹھک

آسٹریلیا میں کڑا امتحان، پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کی اہم بیٹھک

آسٹریلیا کے مشکل دورے سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ کی اسلام آباد میں اہم بیٹھک، فہیم اشرف اور امام الحق کے علاوہ تمام کھلاڑی آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان میٹنگ کی ویڈیو شیئر کی گئی۔ اسکواڈ میں موجود تمام کھلاڑیوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کیا۔

ٹیم میٹنگ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق کپتان سرفراز احمد اور بابر اعظم بھی میٹنگ میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کو پی سی بی نے 2 سال تک کیلئے ریڈ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کیلئے آسٹریلیا سیریز سے قبل اعلان کیا جائے گا۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنیں گے۔ اسکواڈ میں شامل بلے باز امام الحق اور آل راونڈر فہیم اشرف اپنی شادی کی تقریبات کے باعث کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔


متعلقہ خبریں