سعودی ولی عہد کا اسرائیل کو اسلحہ فراہم نہ کرنے کا مطالبہ


ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تمام ممالک سے اسرائیل کو اسلحہ فراہم نہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برازیل میں برکس کی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں ںے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ امن مذاکرات کیے جائیں اور اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند کر دی جائے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک امن کا قیام ناگزیر ہے اس لیے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں بچے، خواتین اور معصوم شہری مارے جا رہے ہیں۔ غزہ بہت مشکل میں ہے اور کانفرنس میں ہم سب کو اسرائیلی حملوں کو پوری قوت سے مسترد کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج نے غزہ کے انڈونیشین اسپتال کا بھی محاصرہ کر لیا ، بمباری سے مزید 32 شہید

سعودی ولی عہد نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیے کو روکنے کے لیے اجتماعی جدوجہد کی جائے۔

برکس ورچول سربراہ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، مصر، روس، برازیل، بھارت، جنوبی افریقہ، ارجنٹائن، ایتھوپیا اور ایران شریک تھے۔


متعلقہ خبریں