مہنگائی کی طرح لوڈشیڈنگ سے بھی نجات دلائیں گے، شہباز شریف


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈشیڈنگ سے دلائی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں چودھری نور الحسن تنویر اور ریاض الحق شامل تھے، ملتان سے پارٹی ٹکٹ ہولڈر مہدی حسن لنگاہ نے بھی شہبازشریف سے ملاقات کی۔

رہنماؤں سے ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نئی حکومت بنے گی تو الزامات کی نوعیت بھی بدل جائے گی، نگران وزیر اعظم

شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہو گی اور مسلم لیگ ن کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے اور عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جس طرح دہشتگردی اور بد امنی ختم کی تھی بالکل اسی طرح مہنگائی بھی ختم کریں گے اور نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہو گا۔


متعلقہ خبریں