نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا، صدر مملکت


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں کسی جماعت کا نہیں بلکہ بلکہ پاکستان کا ترجمان ہوں اور نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحفظات کی طرف خط لکھ کر حکومت کی توجہ دلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور قوم بھروسہ رکھتی ہے حکومت لیول پلیئنگ فیلڈ کا اہتمام کرے گی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی رہنما انتخابات کے بروقت انعقاد پر متفق ہیں اور کوئی شبہ نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو نہ ہوں۔ انتخابات شفاف بنانے کے لیے آئین صدر کو عملی قدم کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس انتظامی اختیارات نہیں تاہم صدر کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات بہت معنی رکھتے ہیں۔  توقعات اپنی جگہ لیکن کوئی ایسا قدم نہیں لے سکتا جس کی آئین اجازت نہ دے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا غزہ میں طبی سہولیات پر حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ

صدر مملکت نے کہا کہ جہاں بھی مسائل دیکھوں گا ان کی نشاندہی کرتا رہوں گا۔ انتخابات کی تاریخ پر کوئی کوتاہی نہیں برتی اور اتفاق رائے سے انتخابات کی تاریخ پر سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی انتخابات میں شمولیت کا فیصلہ عدالت میں ہے اور میں بحیثیت صدر عدلیہ پر دانستہ اعتماد رکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا اور 9 مئی واقعے کی مذمت کر چکا ہوں جبکہ فوج اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان مصالحت میں ناکامی کی بہت سی وجوہات تھیں۔ سیاست دان انتظامیہ اور اسٹیبلشمنٹ مل کر کام کریں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

غیر قانون پناہ گزینوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے پناہ گزینوں کا بوجھ بانٹنے میں پاکستان کی مدد نہیں کی اور غیر قانونی پناہ گزینوں کی واپسی کا فیصلہ مناسب اقدام ہے۔


متعلقہ خبریں