ہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے، سب سے بات کریں گے، خواجہ سعد رفیق


تلہ گنگ: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے اور حکومت میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے تلہ گنگ کا دورہ کیا اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف کی قیادت میں کامیابی کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے کیونکہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر محض نواز شریف کی واپسی کا دن نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا دھارا بدلنے کا دن ہے۔ ہم کسی سے بدلے کی بات نہیں کریں گے بلکہ پاکستان کی خاطر سب سے بات کریں گے۔ ملک کے ساتھ ظلم کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چند سالوں میں پاکستان کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا اس نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا تاہم وہ پوری قوم کے سامنے آ چکے ہیں اور اب وہ قبروں میں بھی اتر جائیں ان کا جرم معاف نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح چند سابق جرنلز، سابق ججز اور صحافیوں نے مل کر ایک غیر سنجیدہ اور ناتجربہ کار کو پرموٹ کیا اور ملک کا مہاتما بنایا اس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ عوام نوازشریف کو اکثریت دلا کر اقتدار میں لائیں تاکہ ہم آزادانہ فیصلے کرسکیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم کسی کو گھسیٹنے کی بات نہیں کرتے اور نہ ہم کسی کو چور ڈاکو کہتے ہیں۔ ہم سیاست میں گھٹیا اور بازاری زبان کے خلاف ہیں۔


متعلقہ خبریں