ملک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کور گروپ قائم


اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے 4 وفاقی سیکرٹریز پر مشتمل کور گروپ قائم کر دیا۔

کابینہ کی ای سی سی کا اجلاس نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت ہوا، جس میں وزارت خزانہ، پلاننگ، تجارت، فوڈ سکیورٹی، انڈسٹریز پروڈکشن توانائی کے حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے 4 وفاقی سیکرٹریز پر مشتمل کور گروپ قائم کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق سیکرٹری پلاننگ، سیکرٹری انڈسٹری پروڈکشن، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری فوڈ سیکورٹی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

کمیٹی مہنگائی کنٹرول کرنے اور اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے بارے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

وزارت آئی ٹی نے ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی سمری اجلاس میں پیش کی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کی بہتری کے لیے آئی ایم ٹی سپیکٹرم جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں گینگز اور مافیاز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طوارقی اسٹیل ملز کا نام نیشنل اسٹیل کمپلیکس رکھنے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزارت توانائی کو تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔ فرٹیلائزر پلانٹس کو دی جانے والی گیس کی قیمت کے تعین کے لیے بین الوزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں