ورلڈ کپ وارم اپ میچ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا


آئی سی سی ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارتی شہر حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے 346 رنز کا ہدف باآسانی 44 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے رشن روندرا 97 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارک چیپمین 65، ڈیرل مچل 59 اور کین ولیمسن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی، آغا سلمان اورمحمد وسیم کی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے پہلے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کی۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور رضوان کے مابین بہترین شراکت داری قائم ہوئی۔

بابراعظم بھرپور فارم میں دیکھے، انہوں نے میدان کے چاروں اطراف چوکے لگائے اور 80 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسری جانب رضوان نے بھی اپنی فارم کا کھل کر اظہار کیا اور بہترین سنچری اسکور کی۔ ان کے علاوہ سعود شکیل 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف مچل سینٹنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔


متعلقہ خبریں