رباط: شاہ مراکش نے زلزلے کے باعث ملک میں بڑی تعداد میں ہونے والی اموات کی وجہ سے 3 روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ محمد ششم کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں زلزلے کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلے اور اموات کے باعث 3 روزہ قومی سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی سوگ کے دوران ملک میں تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مراکش زلزلہ، مجھے لگا کہ میرا بیڈ اڑ رہا ہے، فرانسیسی شہری
بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی، خوراک، خیمے اور کمبل مہیّا کرنے کے لیے امدادی ٹیمیں تعینات کریں گی۔
واضح رہے کہ مراکش میں گزشتہ شب 6.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ ایک ہزار 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔